اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف کی سرکاری افسران کے اثاثے پبلک کرنے کی شرط مان لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر عمل درآمد کا آغاز کردیا ہے۔اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران اور ان کے اہلخانہ کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں ، سرکاری افسران کو اندرون اور بیرون ملک تمام اثاثے ظاہر کرناہوں گے۔ گریڈ 17 سے 22 تک افسران کے اثاثوں کی تفصیلات تک متعلقہ اداروں کو رسائی ہوگی، حکومت نے تمام افسران اور ان کے اہلخانہ کے اثاثے گوشوارے میں ظاہر کرنا لازمی قرار دیدئیے ہیں ۔ افسران اور ان کے اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس کی مکمل تفصیلات جمع کراناہوگی۔ خیال رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان سے سرکاری افسران کے اثاثہ جات پبلک کرنے کے لئے قانونی ترامیم کا مطالبہ کیا تھا اور ان کی بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی مانگی تھی۔