ویب ڈیسک: راحت فتح علی خان جو پاکستان اور بھارت میں یکساں مقبول ہیں نے کہا ہے کہ بھارتی سلیبریٹیز کا بڑا پن ہے کہ وہ اپنی شادی کے لیے بھارت چھوڑ کر بیرون ملک جاتے ہیں تاکہ پاکستان فنکار ان کی تقریب میں پرفارم کرسکیں۔
تفصیلات کے مطابق راحت فتح علی خان نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں کہا ہے کہ ہندوستانی سلیبریٹیز چاہتے ہیں کہ ہم جیسے فنکار ان کی شادی میں پرفارم کریں۔ لیکن ہندوستان میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی وجہ سے ہمارے لیے وہاں پرفارم کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
راحت نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ‘اگر ہم پابندی کی وجہ سے ہندوستان نہیں جا سکتے تو میں انہیں یہاں کریڈٹ دینا چاہتا ہوں کہ یہ ان لوگوں کا بڑاپن ہے کہ انہوں نے لوگوں کو بیرون ملک جانے اور ڈیسٹینیشن ویڈنگ کرنے کا یہ رجحان شروع کیا۔ کیونکہ ہندوستان میں ہم پاکستانی فنکاروں کے داخلے پر پابندی ہے۔ راحت فتح علی خان، عاطف اسلم، شفقت امانت علی وہاں جا کر پرفارم نہیں کر سکتے، اس لیے وہ کہتے ہیں کہ ہم باہر کہیں جا کر شادی کر لیں گے۔ تاکہ ہم وہاں جا کر ان کی شادی میں پرفارم کر سکیں۔
یادرہے راحت فتح علی خان کا حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ تنازعات میں گھر گئے تھے۔ اس ویڈیو میں وہ اپنے شاگرد کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے نظر آئے ۔
اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد وہ ٹرولز کا نشانہ بن گئے تھے، تاہم انہوں نے معافی بھی مانگ لی تھی۔