24 گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں کورونا سے 2 ہزار 952 اموات رپورٹ

24 گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں کورونا سے 2 ہزار 952 اموات رپورٹ
کورونا وبا نے پھر سے پنجے گاڑھ لیے۔ سالِ نو کی رونقوں کو بھی ماند کردیا۔ امریکا میں ایک لاکھ 85 ہزار اور برطانیہ میں ایک لاکھ 37 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ۔ برطانیہ میں اسکولز میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔ دنیا بھر سے امریکا جانے والی 2 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ مہلک کورونا وبا نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں دنیا بھر میں کورونا کے باعث 2 ہزار 952 اموات رپورٹ ہوئیں۔ 8 لاکھ 23 ہزار 633 نئے کیسز سامنے آئے۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکا ہے جہاں ایک روز میں ایک لاکھ 85 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ برطانیہ میں ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ برطانیہ میں اسکولز میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اٹلی میں 61 ہزار اور فرانس میں 58 ہزار سے زیادہ نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ فرانس میں آج سے ویکسین شدہ افراد کے کورونا مثبت ٹیسٹ آنے پر قرنطینہ کی مدت 10 دن سے کم کر کے 7 دن کر دی گئی۔ ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں قرنطینہ کی مدت 5 روز ہوگی۔ غیر ویکسین شدہ افراد کو ٹیسٹ مثبت آنے پر 10 روز قرنطینہ کرنا ہو گا۔ رپورٹس کے مطابق فرانس میں آج سے 6 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔