(ویب ڈیسک)امریکا نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی پر مقدمات کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ انسانی حقوق اوربنیادی آزادیوں کا احترام کرے۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس میں پاکستان سے متعلق امریکی کانگریس کی قرارداد کے حوالے سے بات کرتے کہا ہم زیر التوا کانگریس کی قانون سازی پر بات نہیں کریں گے، ہمارے جمہوری نظام میں کانگریس حکومت کی ایک الگ شاخ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کامعاملہ پاکستانی شراکت داروں سےاٹھاتےرہے ہیں، امریکا پاکستان میں انتخابات کی شفافیت کامعاملہ ہماری توجہ کا مرکز ہے،پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو اپنے معاملات خود طے کرنے ہیں، امریکا دنیا بھر میں پڑوسی ممالک میں بات چیت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
یاد رہے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر فیصلہ حکومت پاکستان کو کرنا ہے، ہم کوئی پوزیشن نہیں لیتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتخابات سے متعلق کوئی پوزیشن نہیں رکھتے، اور پاکستان میں کسی خاص سیاسی جماعت سے متعلق بھی کوئی پوزیشن نہیں لیتے، ہم بنیادی انسانی حقوق کو برقرار رہتے دیکھنا چاہتے ہیں۔