ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ ملک میں برابری نہیں شکاری نظام ہے۔ اس کو بدلنا ہو گا۔ ہم اپنے نوجوانوں کو مایوس نہیں دیکھنا چاہتے۔
سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نئی سیاسی جماعت عوام پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصل میں اب ہمیں پاکستان کا نظام بدلنا ہو گا۔ 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اس وقت سکول سے باہر ہیں۔ 10 کروڑ پاکستانی سطح غربت سے نیچے رہتے ہیں،بچے بھوکے سوتے ہیں۔ 40 فیصد پاکستانی غربت اور جہالت کے نیچے رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خوراک کی وجہ سے ملک میں 42 فیصد بچے جسمانی اور ذہنی طور پر کمزور رہتے ہیں۔ ڈیڑھ سے 2 کھرب روپے تعلیم پر خرچ کرنے کے دعوے کیے جاتے ہیں۔ ہمارے حالات ساؤتھ سوڈان سے برے ہیں، ہم سری لنکا، ہندوستان، بنگلہ دیش سے پیچھے ہیں۔
مزیدپڑھیں: عمران خان کےتمام کیسزختم،آخری کیس کون سا؟سلمان صفدرنےبتادیا
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ظالمانہ اور شکاری نظام ہیں، حکمران عوام کو شکار سمجھتے ہیں۔ شہریوں کے پاس ایک سائل کی حیثیت ہے، موجودہ بجٹ حکمرانوں کی ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے۔ 75 ہزار سے 1 لاکھ کمانے والوں پر ٹیکس ڈبل کر دیا گیا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 5 لاکھ کمانے والے پر 1 لاکھ 13 ہزار 750 روپے ٹیکس عائد کر دیا گیا۔ 75 ارب روپے ایم این اے اور 5 ارب ایم پی اے کے لیے رکھے گئے ہیں۔ قائداعظم نے ملک اس لیے نہیں بنایا تھا کہ حکومت ایسٹ انڈیا کمپنی سمجھ کر چلائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یونان کشتی میں سب سے زیادہ نوجوان ہمارے جاں بحق ہوئے۔ 64 فیصد نوجوانوں کو کیا موقع دیا گیا، اس معاشرے کو کیا بنا دیا گیا۔ پارا چنار میں ایک شیعہ کو مار دیا گیا، ہمارے حکمران ہمیں تحفظ تک نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ 1 لاکھ سے زائد ہمارے جوان شہادتیں دے چکے ہیں پھر بھی آپریشن جاری ہے۔ میری دعا ہے کہ یہ آپریشن کامیاب ہو، ملک میں غربت اور جہالت کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ جب کسی نوجوان کو کوئی امید نہیں دی جائے گی تو وہ دہشت گردی کی جانب جائے گا۔
دوسری جانب ملکی سیاست میں ایک اور سیاسی جماعت کا اضافہ ہو گیا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی سیاسی جماعت کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ ملکی سیاست میں قدم رکھنے والی نئی سیاسی جماعت کو عوام پاکستان کا نام دیا گیا۔
سابق گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب، مفتاح اسماعیل بھی نئی سیاسی جماعت میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔ مجموعی طور پر سابق قومی اور صوبائی اسمبلی کے 20 اراکین سیاسی جماعت میں شامل ہیں۔ نئی سیاسی جماعت کے انٹرا پارٹی انتخابات 19 جون کو منعقد ہوئے تھے۔