اسلام آباد(پبلک نیوز) کراچی سے رکن اسمبلی اور سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار فیصل واؤڈا نے بطور رکن قومی اسمبلی استعفی دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں فیصل واؤڈا نااہلی کیس کی سماعت کے دوران میں ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیصل واؤڈا نے قومی اسمبلی کی نشت سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ اس لیے یہ پٹیشن غیر مؤثر ہو گئی ہے۔ اس دوران فیصل واؤڈا کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
اس دوران درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا کہ فیصل واؤڈا نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ کیا ہے، پتہ نہیں اس سے پہلے استعفی دیا یا بعد میں؟ پہلے بھی بہت سے ارکان اسمبلی استعفی دے چکے ہیں اور دوبارہ پارلیمنٹ آ جاتے ہیں، جب تک اسپیکر استعفی منظور نہ کر لے، تب تک متعلقہ شخص رکن قومی اسمبلی ہی ہوتا ہے۔
بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے والا شخص پارلیمنٹ کا ممبر نہیں ہو سکتا، سوال یہ نہیں کہ وہ اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے بلکہ فیصل واؤڈا کے جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے کے نتائج ہیں، الیکشن کمیشن کے ریکارڈ سے واضح ہے کہ فیصل واؤڈا کاغذات نامزدگی کی منظوری تک امریکی شہری تھے۔ اٹھارہ جون کو سکروٹنی مکمل ہوئی، 25 جون کو شہریت ترک کی۔