گوجرانوالہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن الیکشن کیلئے تیار ہے، ہم الیکشن میں جیتنے کیلئے اتریں گے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے گوجرانوالہ میں ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو اسمبلی اکڑ کرچھوڑکر نکلا تھا، اب واپسی کیلئے منتیں کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن الیکشن کیلئے تیار ہے، ہم الیکشن میں جیتنے کیلئے اتریں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اس لیے نیچے جارہا ہے کہ تم نے نوازشریف کیخلاف سازش کی، عمران خان اپنے انجام کو پہنچ گیا، جو کہتے ہیں نوجوان ن لیگ کے ساتھ نہیں ہیں، وہ اس کنونشن کو دیکھ لیں۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں گوجرانوالہ نے مسلم لیگ ن کو جتوایا، سب سے بڑے نوسر باز اور گھڑی چور کو سب سے پہلے گوجرانوالہ نے پہچانا تھا،گوجرانوالہ نے ہمیشہ نواز شریف کا ساتھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ٹرک آپ نے کورٹ کے باہر کھڑا کیا ہے وہ بھی مریم چلا رہی تھی کیا؟ اب مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں، جہاں جہاں ٹرک چلتا دیکھیں گے خود سمجھ جائیں گے، اب مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ، صرف ٹرک دکھادیں گے۔انہوں نے کہا کہ فواد چودھری نے کہا کہ ٹرک کے سامنے ٹرک کھڑا کردیں گے، اس ٹرک کے چاروں ٹائرز پنکچرکر کے چھوڑیں گے۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی جیل بھرو تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگئی، اس سے ناکام جیل بھروتحریک میں نے زندگی میں نہیں دیکھی۔انہوں نے کہا کہ مکافات عمل دیکھو عدالت بلاتی ہے تو پلستردکھاتا ہے، زمان پارک کا نام آج کے بعد ضمانت پارک ہے، وہاں بیٹھے بیٹھے ضمانت مل جاتی ہے، خود جیبیں بھرو اور کارکنان جیلیں بھریں یہ کون سا انصاف ہے ؟۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان زمان پارک نہیں ضمانت پارک میں چھپ کربیٹھا ہے، کل عمران خان نے ضمانت پارک میں امریکیوں کے ساتھ مذاکرات کیے۔