نواز شریف کی  کسانوں سے گندم کی خریداری کے حوالے سے حکومتی ٹیم کو اہم ہدایت

نواز شریف کی  کسانوں سے گندم کی خریداری کے حوالے سے حکومتی ٹیم کو اہم ہدایت

(ویب ڈیسک )  سابق وزیراعظم نواز شریف نے کسانوں سے گندم کی خریداری کے حوالے سے حکومتی ٹیم کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قائد  و سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت گندم کی صورتحال کے جائزہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ نے کسانوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔

رانا ثنااللہ نے نواز شریف کو کسانوں کی جانب سے گندم خریداری بحران پر کسانوں کی مختلف تنظیموں کے تحفظات کے بارے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس میں سابق وزیر اعظم نوازشریف نے گندم کی خریداری اور کسانوں کے دیگر معاملات پر حکومتی ٹیم کو ہدایات جاری کیں،اجلاس میں چیف سیکرٹری، محکمہ خوراک ،محکمہ زراعت، محکمہ خزانہ کے سیکرٹریوں سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے، اجلاس میں صوبے میں جاری گندم بحران پر مختلف محکموں کے سیکرٹریوں کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئیں۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اجلاس کے بعد محکمہ خوراک و محکمہ زراعت سمیت حکام کے ساتھ فالو اپ میٹنگ بھی کریں گے۔

اجلاس میں تمام محکموں کی جانب سے اپنی تجاویز بھی پیش کی گئیں، جنہیں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے غور سے سنا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی تنظیم نو کے حوالے نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس بھی ہوا، اجلاس میں 11 مئی کے جنرل کونسل کے اجلاس پر حکمت عملی طے کی گئی، رانا ثناء اللہ نے نوازشریف کو دوبارہ پارٹی صدر بنائے جانے کی قرارداد پر بریفنگ دی اور پارٹی کے نئے سیکریٹری جنرل کی تعیناتی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں 11 مئی کے جنرل کونسل ایجنڈے پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی، حکومتی و پارٹی عہدوں کو الگ الگ کرنے سمیت پارٹی کی مجموعی تنظیم نوپر غور کیا گیا۔

Watch Live Public News