ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ

ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ
اسلام آباد: ادارہ شماریات نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ دو ہفتے کمی کے بعد تیسرے ہفتے پھر سے مہنگائی کا پارہ چڑھ گیا۔جاری رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.71فیصد کا اضافہ ہوا، سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 29.88 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔ ایک ہفتے میں 12اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور 14 سستی ہوئیں ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی، ایک ہفتے میں ٹماٹر 34روپے اضافے سے165روے فی کلو کا ہوگیا،پیاز 25روپے اضافے کے ساتھ 123روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا۔ ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق زندہ مرغی کی اوسطا قیمت 37روپے اضافے سے 349روپے فی کلو تک پہنچ گئی،چائے کی پتی،چینی ،چاول، دودھ، لہسن،آلو، انڈے بھی رواں ہفتے مہنگے ہوگئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے ایل پی جی گھریلو سلینڈر 33روپے کمی سے 3125روپے کا ہوگیا، ایک ہفتے میں گھی سات روپے کمی سے 522روپے فی کلو ہوگیا۔ دال مونگ، دال مسور،دال چنا، ماش،کیلا، گڑ اور آٹے کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران 25 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام بھی رہا ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔