راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشتگردوں کے گھات لگا کر حملے میں 14 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گوادر کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔ افسوسناک واقعے میں 14 فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیرنس آپریشن جاری ہے اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔