اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وزیر اعظم عمران خان نے ٹیلی فون پر عوام سے براہ راست گفتگو کی ٗ اس موقع پر عوام نے اپنے مسائل وزیر اعظم کو بتائے ٗ جس پر وزیر اعظم نے انہیں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔عنبرین قیوم نے اسلام آباد سے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک گھریلو خاتون ہوں ٗ میرے شوہرنجی نوکری کرتے ہیں ٗ میں مہنگائی کے بارے میں بات کرنا چاہتی ہوں کہ مہنگائی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے ٗ گزارا مشکل ہو رہا ہے ٗ ہم بچوں کے سکول کی فیس دیں یا گھر کا خرچہ چلائیں۔عنبرین قیوم نے کہا کہ اب تک ڈالر قیمت کی کم ہو گئی ہے اور روپے کی قدر بھی مستحکم ہو گئی ٗ رمضان المبارک بھی آرہا ہے مگر بنیادی اشیا ضروریہ کی قیمتیں کم نہیں ہو رہی ٗ خدارا آپ اپنا وعدہ پورا کریں اور مہنگائی کو کنٹرول کریں ٗ اگر یہ نہیں ہو سکتا تو جو آپ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں گھبرانا نہیں تو پھر آپ ہمیں گھبرانے کی اجازت دے دیں۔وزیر اعظم نے جواب دیا کہ ہماری توجہ مہنگائی پر بہت زیادہ ہے۔ آپ نے سمجھنا ہے کہ مہنگائی کئی طرح کی ہوتی تو ایک دکان پر قیمت کچھ اور ہے اور دوسری پر کچھ اور ۔ یہ بھی آپ نے سمجھنا ہے کہ ایک کسان اپنی فصل مارکیٹ لے کر جاتا ہے مگر اس مارکیٹ سے جب وہ چیز عوام تک پہنچتی ہے تو بہت مہنگی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا ہم ایک توڑ لے کر آئے ہیں ٗ ہم براہ راست وہ چیزیں لوگوں تک لے کر جا رہے ہیں اور عوام کیلئے بھی قیمتیں کم ہو گئی ہیں اور یہ شروع ہو گیا ہے ٗ لاہور میں شروع ہو گیا ہے۔