اسلام آباد ( ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر سب سے خطرناک ہے ٗ میں آپ کو اس لئے تاکید کر رہا ہوں کہ اللہ نے پاکستان پر خاص کرم کیا ٗ ہمیں بہت مشکل وقت سے بچایا ٗ اگر پاکستان میں بھی یورپ کی طرح خطرناک لہر آتی ٗ جس طرح امریکہ ٗ برازیل ٗ ہندوستان اور ایران میں آیا تو ہمیں بڑی دیر تک لاک ڈائون لگانا پڑتا ۔عوام سے ٹیلی فون پر رابطہ کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے معاشی حالات پہلے ہی ٹھیک نہیں تھے اس سے پاکستان میں غربت پھیلنی تھی ٗ اس لئے میں کہتا ہوں کہ ہمیں ہاتھ اٹھا کر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ کہ اس نے ہمیں مشکل وقت سے بچایا۔ تیسری لہر میں آج کوئی بیٹھ کر نہیں کہہ سکتا کہ یہ کہاں تک جائے گا ٗ تیسری لہر پاکستان میں ہی نہیں کئی ممالک میں آگیاہے ٗ یورپ میں ویکسین لگانے کے بعد انہوں نے لاک ڈائون کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے آسان چیز ماسک پہننا ہے ٗ جہاں جائیں ماسک پہنیں ٗ اس کا خرچہ بھی کچھ نہیں ٗ فائدہ بہت ہے ٗمیں ابھی بھی دیکھ رہا ہوں کہ لوگ بالکل بھی پرواہ نہیں کر رہے ٗ اگر یہ پھیل گیا تو ہم مجبور ہو جائیں گے کہ لاک ڈائون لگا دیں۔ اپنی مدد کریں اور قوم کی مدد کریں۔ وزیر اعظم عمران خان نے مختلف کالرز نے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بڑی امید تھی کہ عمران خان آئے گا تو سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا ٗ خیالی کہانیوں میں تو شاید ایسا ہوتا ہے مگر حقیقی زندگی میں تبدیلی ایک جدوجہد سے آتی ہے ٗ ایک پرانا سسٹم بنا ہوتا ہے اس کو آپ ایک دم چاہیں بھی تو بدل نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ ایک طریقہ خونی انقلاب ہوتا ہے ٗ لیکن جب آپ الیکشن کے ذریعےتبدیلی لاتے ہیں تو سب لوگ وہاں ہی موجود ہوتے ہیں ٗ یہ پہلی دفعہ ہے کہ کوئی ٹیلی فون اٹھا کر ججز کو نہیں کہا جا رہا ہے یہ فیصلے کروٗ عدلیہ آزاد ہے اور ہونی بھی چاہیے ۔ نیب آزاد ہےٗ ہم نیب کو کچھ نہیں کہہ سکتے ٗ 95 فیصد تک پرانے کیسز چل رہے ہیں۔ ابھی جسٹس عظمت کی رپورٹ آئی ہے کہ نیب سابقہ دو حکومتوں کے پاس ملی ہوئی تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک ہندوستان 5 اگست کے اقدام کو واپس نہیں لیتا اس وقت تعلقات نارمل نہیں ہو سکتے ٗ جس طرح ہم نے ہر عالمی فورم پر کشمیر پر کیس لڑا ہے ٗ میں چیلنج کرنا ہوں کہ پچاس سال میں کسی نے اس طرح کیس نہیں لڑا ٗ تجارت کے حوالے سے صرف بات ہوئی تھی کہ ایمرجنسی میں انڈیا کے ساتھ تجارت ہو ٗ لیکن اس تجویز کو مسترد کر دیا گیا ۔