اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم ترین دن ہے کیونکہ عدالت عظمیٰ نے نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے سے آئین کا تقدس بھی بحال ہوگیا ہے ۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان قوم کو فخر ہے کہ آج بھی آئین اور ضمیر سے فیصلے کرنے والے زندہ ہیں ، جمہوری قوتوں، آئینی قوتوں اور غیر جمہوری اور غیر آئینی قوتوں کا فرق آج واضح ہو گیا ہے ، ملک بھر کے کالے کوٹ والے وکلاء کو آئین کی بالادستی کے لئے نکلنے پر مبارکباد دیتا ہوں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ہماری الیکشن کمیشن سے یہ گزارش ہوگی کہ آج تو آزاد ہوگئے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کو مبارکباد دیتا ہوں کہ اب آپ کے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں ، تمام سیاسی جماعتیں ایسا ماحول پیدا کریں کہ جس سے صاف اور شفاف انتخابات ممکن ہو سکیں ۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام کارکنان اور تنظیموں کو میں کہتا ہوں کہ ملک بھر میں پھیل جائیں اور الیکشن کی تیاری کریں ، انہوں نے تحریک انصاف کے ورکرز کو مخاطب کر کے کہا کہ تیار ہو جاؤ آپ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو دوسری بار وزیراعظم بنانا ہے ، پنجاب اور پورے پاکستان میں عمران خان کی ہی حکومت ہوگی ، بھٹو کا نواسہ آج مارشل لاء کی دھمکیاں دے رہا ہے ۔