نگران وزیر اعظم کون ہوگا؟وزیر اعظم ، اتحادیوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

نگران وزیر اعظم کون ہوگا؟وزیر اعظم ، اتحادیوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادیوں کے ویڈیو لنک اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ نگران وزیر اعظم کی تقرری کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادیوں کا اجلاس ہوا، 4 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، نگران وزیراعظم، نئی مردم شماری، ضمنی انتخابات اور اسمبلیوں کی تحلیل پر مشاورت ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، مردم شماری کے معاملے پر مشترکا مفادات کونسل جو فیصلہ دے گی قبول ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ضمنی انتخابات کا معاملہ نگران حکومت پر ڈال دیا گیا، شرکاء کا کہنا تھا کہ نگران حکومت آئندہ کے ضمنی انتخابات کے معاملات کو خود دیکھ لے گی۔ اتحادیوں نے رائے دی کہ وزیراعظم اور اپوزیشن آپس میں مشاورت سے نگران وزیراعظم کا انتخاب کر لیں۔ اجلاس میں بلوچستان سے جسٹس ریٹائرڈ شکیل بلوچ کا نام نگران وزیر اعظم کیلئے تجویز کیا گیا، نگران وزیراعظم کیلئے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کا نام بھی زیر غور آیا جبکہ ایم کیو ایم نے نگران وزیراعظم کے نام پر مزید مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نگران وزیراعظم سے متعلق اتحادیوں سے تجاویز مانگ لیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو تجاویز دینا چاہے وہ مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے۔ اجلاس میں محسن داوڑ نے بھی نگران وزیر اعظم کیلئے دو نام تجویز کیے ہیں ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔