پاکستان کی قومی خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے پہنچ گئی

پاکستان کی قومی خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے پہنچ گئی

ہرارے (پبلک نیوز) قومی خواتین کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ دورہ زمبابوے کے لیے ہرارے پہنچ گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 9 فروری سے شروع ہوگی۔

سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔ یہ سیریز پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائرز کی تیاریوں میں معاون ثابت ہوگی۔ ایونٹ رواں سال کھیلا جانا ہے۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ مکمل کرنے کے بعد چار فروری بروز جمعرات  کو زمبابوے پہنچی ۔جنوبی افریقہ نےپاکستان کے خلاف کھیلی گئی تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-3 اور 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان کا کہناہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کسی بھی مہمان ٹیم کے لیے آسان نہیں ہوتا گو کہ اس سیریز کے نتائج پاکستان کے حق میں نہیں رہے تاہم قومی خواتین کرکٹرز نے یہاں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس دورے سے ہمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر کی تیاریوں میں بہت مدد ملی ہے۔

جنوبی افریقہ سے زمبابوے پہنچنے والا پاکستان اب دنیا کاوہ  واحد ملک بن گیا ہے کہ جس کی خواتین کرکٹ ٹیم نے کوویڈ 19 کے باوجود 2 ممالک کا دورہ کیا ہے۔ پی سی بی اپنی ایلیٹ ویمنز کرکٹرز کو کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے۔

اس سے قبل پی سی بی نے عالمی وباء کے دنوں میں 27 ایلیٹ ویمنز کرکٹرز کو کنڈیشنگ کیمپ میں طلب کیا تھا۔ یہ کیمپ گزشتہ سال اکتوبر میں کراچی میں لگایا گیا تھا، جس کے بعد 7 میچوں پر مشتمل نیشنل ٹرائنگولر ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، پھر دورہ جنوبی افریقہ سے قبل قومی خواتین کرکٹرز نے اکیس روز پر مشتمل نیشنل کیمپ میں شرکت کی۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران ہماری کرکٹرز نے انفرادی طور پر بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم ہمیں اچھے نتائج حاصل کرنے کے لیے اجتماعی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جنہوں نے دورہ جنوبی افریقہ میں اپنی قابلیت کا اظہار کیا ہے،اور وہ بھی ایک ایسے موقع پر کہ جب ٹیم کی سب سے تجربہ کار بیٹر بسمہ معروف دورے سے دستبردار ہوئی اور کپتان جویریہ خان نے دو میچوں میں شرکت نہ کی ہو۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ عائشہ نسیم نے بیٹنگ اور فاطمہ ثناء نے باؤلنگ  جبکہ ٹیم میں واپس آنے والی آلراؤنڈر کائنات امتیاز نے دورہ جنوبی افریقہ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالیہ ریاض نے ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں سب سے زیادہ، 136، رنز بنائے جبکہ ڈیانا بیگ نے سب سےزیادہ، 9، وکٹیں حاصل کیں،سیریز کے دوران  جویریہ خان نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنی نویں نصف سنچری بنائی۔

ڈیوڈ ہیمپ نے کہا وہ پرامید ہیں کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم زمبابوے کے خلاف سیریز میں دورہ جنوبی افریقہ میں  کی گئی غلطیاں نہیں دہرائے گی۔

شیڈول:

9 فروری: پچاس اوورز پر مشتمل پہلا میچ

11 فروری: پچاس اوورز پر مشتمل دوسرامیچ

13 فروری: پچاس اوورز پر مشتمل تیسرا میچ

16 فروری: پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ

18 فروری :دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ

20 فروری : تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔