دہشتگردی کا خطرہ، وزارت داخلہ کا ملک بھر میں الرٹ جاری

دہشتگردی کا خطرہ، وزارت داخلہ کا ملک بھر میں الرٹ جاری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صوبہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملوں کے تناظر میں وفاقی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی ادارے، پولیس، آزاد کشمیر اور ملک کے چاروں صوبوں میں انتہائی مستعد رہا جائے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) بلوچستان کے اہکاروں کی بہادری اور جرات مندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مستعدی دہشت گردی کے حملوں کو ناکام بنانے میں انتہائی اہم رہی ہے۔ نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی پوری قوم اور وزیراعظم عمران خان نے ایف سی بلوچستان کے بہادر سپوتوں کی بہادری کو سراہا ہے۔ خیال رہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے کی کوشش کی جنھیں بہادر جوانوں نے ناکام بنا دیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دہشتگرد گروپ بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' کی مدد سے پاکستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردوں کا صفایا کر رہی ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ بلوچستان کے دو علاقوں میں دہشتگرد گروہ کی جانب سے بدامنی پھیلانے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیادہ تر دہشتگرد مارے جا چکے ہیں جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔ سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی 20 فیصد رقبے پر باڑ لگانے کی ضرورت ہے۔ https://twitter.com/ShkhRasheed/status/1489113908887625729?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1489113908887625729%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.samaa.tv%2Fpakistan%2F2022%2F02%2F2512811%2F طالبان کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مذاکرات کامیابی کے بغیر ختم ہو گئے ہیں۔ افغانستان میں داعش کی موجودگی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد گروپ افغان سرزمین میں سرگرم ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پنجگور اور نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز الحمدللہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کے حملوں کو پسپا کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے میں سکیورٹی فورسز کے عزم اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دے سکتیں۔