(ویب ڈیسک)بھارتی اداکارہ و ماڈل پونم پانڈے کے شوہر سیم بمبئی نے سروائیکل کینسر کے بارے میں آگاہی مہم کے نام پر اپنی اہلیہ کے موت کے ڈرامے پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیم بمبئی نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران پونم پانڈے سے طلاق کی خبروں کی ترید کرتے ہوئے کہا کہ میں اور پونم پانڈے ابھی تک قانونی طور پر شادی شدہ ہیں۔
ان سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ’کیا آپ کو بھی پونم پانڈے کی جانب سے خود کی موت کی جھوٹی خبر پھیلانے پر حیرانی ہوئی؟‘ اس پر سیم بمبئی نے کہا کہ ’نہیں مجھے بالکل اس پر کوئی حیرانی یا پریشانی نہیں ہوئی بلکہ پونم پانڈے نے جو کچھ بھی کیا مجھے اس پر بہت خوشی ہے‘۔’ وہ زندہ ہیں بس میرے لیے اتنا ہی کافی ہے‘۔
سیم بمبئی نے کہا کہ’جب میں نے پونم پانڈے کی موت کی خبر سنی تو مجھے کچھ بھی محسوس نہیں ہوا، مجھے یہ خبر سن کر ایسا بالکل نہیں لگا کہ میں نے کسی کو کھو دیا ہے‘۔
’جب دو لوگ ایک دوسرے کے بہت قریب ہوتے ہیں تو ایک دوسرے کے بارے میں ہر چیز کو محسوس کر سکتے ہیں اور میں تو روز پونم پانڈے کے بارے میں سوچتا ہوں اور ان کے لیے دعا کرتا ہوں تو اگر کبھی ان کے ساتھ کچھ بھی برا ہوگا تو مجھے محسوس ہوگا اور خود بخود پتہ چل جائے گا کہ وہ کسی مصیبت میں ہیں‘۔