تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں میں مزید توسیع کا امکان

تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں میں مزید توسیع کا امکان
لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ اور سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر موسم سرما کی چھٹیاں بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل محکمہ تعلیم نے 23 دسمبر سے 6 جنوری تک تمام سکولوں میں تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اب 13 جنوری تک بڑھانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ اور سردی کی شدت میں اضافہ ہونے پر موسم سرما کی چھٹیوں میں ایک ہفتہ بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ چھٹیاں بڑھانے کا فیصلہ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ چھٹیاں بڑھانے کے فیصلے پر غور کورونا کی موجودہ صورتحال اور سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل آزاد کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں اضافہ کیا گیا تھا۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث موسم کی شدت مزید بڑھ گئی ہت۔ برف باری کے باعث مختلف علاقوں میں زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ آزاد کشمیر میں بھی شدید سردی سے نظام زندگی متاثر ہو رہا ہے۔ حکومتی اعلان کے مطابق تعطیلات میں پانچ روز کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 8 جنوری تک بند رہیں گے۔