اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کوشش ہے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو ٹیبل پر لایا جائے لیکن سب سے پہلی شرط ہے کہ ٹی ٹی پی والے ہتھیار پھینکیں اور ملک کے قانون کے تابع ہوں۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہید قوم کا محسن ہوتا ہے اور اس کے خون کی چمک سےقوم روشن ہوتی ہے، اسلام آباد دھماکے کے شہید عدیل حسین کے اہلخانہ کو ایک کروڑ روپےکا چیک دیاگیا، سوا کروڑ روپے ریاست مکان کی مد میں بھی ادا کرے گی اور شہیدکی تنخواہ بیوہ کو اس کی زندگی تک تمام الاؤنسزکے ساتھ ملتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ زخمی جوانوں کو بھی قوم سلام پیش کرتی ہے، جوانوں کی اس کاوش کی وجہ سےاسلام آباد بڑےنقصان سےمحفوظ رہا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس پہلے سے بہتر طریقے سے اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے، اسلام آباد پولیس کے تمام دیرینہ مطالبات پورے کیے گئےہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کی میٹنگ میں دہشتگردی کےخلاف زیروٹالیرنس کا فیصلہ ہوا، کسی بھی دہشتگرد کے اچھے برے کی کوئی تفریق نہیں رکھی جائے گی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سلامتی کمیٹی اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نےدہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کا اظہار کیا اور مذاکرات کے بجائے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی سوچ کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو ٹیبل پر لایا جائے لیکن سب سے پہلی شرط ہے کہ ٹی ٹی پی والے ہتھیار پھینکیں اور ملک کے قانون کے تابع ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ آڈیو لیک میں کچھ لوگ کردار اور ملک کے حوالے سے بڑے خراب ہیں، اتنے گھٹیا کردارکےافراد قوم سےخود کولیڈرمنوانا چاہتے ہیں۔