ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل(ر) فیض حمید نے کمیشن کو بیان رکارڈ کرادیا ہے۔ دھرنا کمیشن ڈاکٹر اخترعلی شاہ کی سربراہی میں کام کررہا ہے ،کمیشن میں سابق آئی جی طاہرعالم اورخوشحال خان بھی موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیض حمید نے کمیشن کی طرف سے دیے گئے سوالوں کے جواب دے دیے۔انہوں نے جواب میں کہا کہ حکومت کی ہدایت پر تحریک لبیک پاکستان سے مذاکرات کیے، فیض حمید نے حکومت کے خلاف سازش کرنے کے الزامات کی تردید کردی ۔ خیال رہے کہ فیض آباد دھرنا کیس کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے انکوائری کمیشن کی جانب سے بلائے جانے پر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید دھرنا کمیشن کے نوٹس پر حاضر نہیں ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ وفاقی حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے 3 رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔ وفاقی حکومت نے ریٹائرڈ انسپکٹر جنرل (آئی جی) اختر علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیا، جن میں سابق آئی جی طاہر عالم اور ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ خوشحال خان بھی شامل تھے۔