فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ

فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ
حکومت نے عمران خان کی اہلیہ، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دیرینہ دوست فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس بات کا اعلان صوبائی وزیر داخلہ عطاء تارڑ نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی کرپشن چھپانے کیلیے اداروں پرحملہ قبیح عمل ہے۔ عمران خان پاکستانی تاریخ کے سب سے بڑے چور ہیں۔ اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے سے اب ان کی کرپشن نہیں چھپے گی۔ عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں‌کا ملکی دولت پر کوئی ڈاکا 50 کروڑ سے کم نہیں تھا۔ ہیرے تک بیرون ملک کی بلیک مارکیٹ میں بیچے جاتے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی یہ سب ڈیلیں بنی گالہ میں بیٹھ کر کرتی تھیں۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ رواں ماہ یکم جولائی کو اینٹی کرپشن نے دو اہم گرفتاریاں کی ہیں۔ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ فرح گوگی نے غیر قانونی الاٹمنٹ کے ذریعے فیصل آباد اکنامک زون میں 10 ایکڑ کے پلاٹ خریدے۔ یہ ساٹھ کروڑ کا پلاٹ غیر قانونی طور پر آٹھ کروڑ تیس لاکھ روپے میں اپنے نام کرایا گیا تھا۔ انہوں نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ فرح گوگی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو پیش کریں۔ ہم جلد ہی بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے جا رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں ان کے خلاف گھیرا تنگ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس غیر قانونی الاٹمنٹ پر احسن جمیل گجر، فرح گوگی اور ان کی والدہ بشریٰ خان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ احسن جمیل جیسے ہی گرفتار ہوئے، وہ سرکاری کے وعدہ معاف گواہ بن جائیں گے۔ اس موقع پر وزیر قانون پنجاب ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی آڈیو سوشل میڈٰیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ انہوں نے ہی دوسروں کو غدار قرار دینے کی سوشل میڈیا مہم چلائی تھی۔ ان کی لیک گفتگو سے سب واضح ہو چکا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔