لاہور: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے سلسلہ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی و طوفان کے ساتھ شدید بارشوں کے پیش نظر ضروری احتیاطی تدابیر پر مبنی ہدایات جاری کی ہیں۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کا پہلا سلسلہ 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی و طوفان کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ این ڈی ایم اے نے اس ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری اور عملے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ایمرجنسی اور میڈیکل عملہ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں کو پیشگی اطلاع فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں مون سون کی بارشوں کے دوران عوام سے کہا گیا ہے کہ ٹپکتی چھتوں ، دراڑ والی اور کچی دیواروں کی مرمت یقینی بنائیں، چھتوں اور صحن سے نکاسی آب یقینی بنائیں، گھر و گلی محلوں کی نالیوں اور سیوریج میں کوڑا ہر گز مت پھینکیں، نشیبی علاقوں کے رہائشی تہہ خانوں میں رہائش سے گریز کریں ، بجلی کی تاروں اور کنکشن کی مرمت کرائیں،ایمرجنسی میڈیکل کٹ تیار رکھیں،موسمی حالات سے مسلسل باخبر رہیں،بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں،تیز آندھی و طوفان کی صورت میں درختوں ، بوسیدہ دیواروں اور پلوں سے دور رہیں۔ بارش کے دوران دریائوں ، ندی نالوں کو پار کرنے اور ان میں نہانے سے گریز کریں،گیلے لباس وجسم کے ساتھ برقی آلات کو ہر گز نہ چھوئیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں۔