دنیا بھر میں منکی پاکس کے کیسز کی تعداد 700 تک پہنچ گئی

دنیا بھر میں منکی پاکس کے کیسز کی تعداد 700 تک پہنچ گئی
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے متعدی امراض کی روک تھام اور تحفظ کے ادارے (سی ڈی سی) نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ اب تک امریکا میں منکی پاکس کے 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ دنیا بھر میں کیسز کی مجموعی تعداد 700 تک پہنچ گئی ہے۔ امریکی ادارے نے کہا کہ متاثرہ کیسز پر تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ منکی پاکس ملک کے اندر پھیل رہا ہے۔ امریکا میں رجسٹرڈ 14 مریض ایسے ہیں جو حال ہی میں بیرون ممالک کا سفر کرکے امریکا پہنچے ہیں تاہم تمام مریض صحت یاب ہو رہے ہیں۔ کینیڈا میں منکی پاکس کے 77 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے زیادہ تر کیسز کیوبک صوبے میں رپورٹ ہوئے۔ کینیڈین حکام نے منکی پاکس سے بچائو کی ویکسین فراہم کر دی ہے۔ سرکاری ادارے اے پی پی میں‌شائع خبر کے مطابق منکی پاکس چیچک کی طرح ایک بیماری ہے لیکن اس کی شدت چیچک سے کم ہے۔ منکی پاکس کے متاثرہ مریض کے جسم پر چھوٹے چھوٹے دانے نکل آتے ہیں۔ اس کی علامات میں بخار، سر درد اور جسم میں تھکاوٹ ہونا شامل ہیں۔ منکی پاکس کے علاج کے لیے فی الحال 2 ویکسینز ہیں جو سمال پاکس یا چیچک کے علاج کے لیے تیار کی گئی تھیں۔ منکی پاکس جنگلی جانوروں خصوصاً زمین کھودنے والے چوہوں اور لنگوروں میں پایا جاتا ہے اور اکثر ان سے انسانوں کو بھی منتقل ہو جاتا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔