(ویب ڈیسک ) امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان نے امریکا کی غزہ سے متعلق پالیسی پر احتجاجاً استعفیٰ دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ میں عربی زبان کی خاتون ترجمان نے غزہ سے متعلق جوبائیڈن انتظامیہ کی پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ وہ اپنی 18 سالہ سروس کے بعد امریکا کی غزہ سے متعلق پالیسی پر استعفیٰ دے رہی ہیں۔
انہوں نے غزہ میں امن و استحکام کیلئے ہتھیاروں کی بجائے سفارتکاری کرنے پر زور دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہالا رہریت نے 2006 میں بطور پولیٹیکل آفیسر فارن سروس میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ دبئی ریجنل میڈیا میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے فرائض بھی انجام دے چکی ہیں۔
اس سے پہلے بھی امریکی محکمہ خارجہ میں بیورو آف پولیٹیکل ملٹری افیئرز کے ڈائریکٹر جوش پال نے گزشہ سال اکتوبر میں عہدے سے استعفیٰ دیا تھا ۔انہوں نے استعفیٰ میں غزہ جنگ میں امریکا کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی کے فیصلے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔