انارکلی بم دھماکا: ملوث 2 دہشت گرد پولیس مقابلے میں ہلاک

انارکلی بم دھماکا: ملوث 2 دہشت گرد پولیس مقابلے میں ہلاک
کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) حکام کی جانب سے بڑا بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انارکلی بم دھماکے میں ملوث دو دہشتگردوں کو پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے مشہور بازار انارکلی بم دھماکا میں ملوث دہشتگردوں کے نام ثناء اللہ اور عبدالرزاق تھے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دونوں دہشتگردوں کو مئی میں کئے گئے ایک انتہائی خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ دوران گرفتاری دہشتگردوں سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔ ان سے اہم معلومات حاصل کرنے کیلئے تفتیش کا عمل جاری تھا۔ سی ٹی ڈی ترجمان نے کہا کہ دوران تفتیش دہشتگردوں نے دیگر ساتھیوں کی نشاندہی کی۔ دونوں دہشتگردوں کو مزید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کیلئے لاہور کے علاقے بادامی باغ لے جایا جا رہا تھا کہ اچانک ان کے ساتھیوں نے سی ٹی ڈی کی ٹیم پر حملہ کردیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی تعداد 4 تھی۔ پولیس اور دہشتگردوں کی ٹیم کے درمیان فائرنگ سے گولیاں دونوں گرفتار دہشتگردوں کو لگیں اور وہ وہیں ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے ساتھی ناکامی کے بعد وہاں سے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔