نگران وزیر اعظم کا پاکستانی خلاء باز نمیرہ سلیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

نگران وزیر اعظم کا پاکستانی خلاء باز نمیرہ سلیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار
اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستانی خلاء باز نمیرہ سلیم کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ میری خواہش ہے کہ آپ 6 اکتوبر کو کامیابی سے خلاء کا سفر کریں اور آپ تاریخ میں گلیکٹیک فور کے ذریعے فضاء میں جانے والی پہلی پاکستانی خاتون کا اعزاز حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کو منوا رہی ہیں، قابل خواتین پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ نمیرہ سلیم پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ نمیرہ سلیم 21 اپریل 2007ءکو قطب شمالی اور 8 جنوری 2008ءکو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔ نمیرہ سلیم نے خلاءمیں روانگی سے قبل گزشتہ ماہ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے ملاقات بھی کی تھی اور انہیں اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔ نمیرہ سلیم خلاءمیں پاکستانی پرچم بلند کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔ ان کا سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے جو قوم کے لئے اہم کامیابی ہے۔ نمیرہ سلیم کی اس کاوش سے پاکستان کے امن پسند اور ترقی پسند ملک کی حیثیت سے مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔