ویب ڈیسک: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ قرض کے نئے پروگرام کے لیے بات چیت میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ماہانہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی ڈائریکٹر کمیونیکیشنز جولی کوزیک نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف حکام نے پاکستان کے مالی اور بیرونی استحکام کے چیلنجوں کو حل کرنے اور جامع ترقی کی بنیاد رکھنے کے مقصد کے ساتھ آئی ایم ایف کے تعاون سے کامیاب پروگرام میں دلچسپی رکھتا ہے۔
آئی ایم ایف کی ترجمان نے کہا کہ یقیناً بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آنے والے مہینوں میں پروگرام پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔
واشنگٹن میں ایک پریس بریفنگ میں انہوں نے کہاکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 19 مارچ کو عملے کی سطح پر معاہدہ ہوا۔ پاکستان میں معاشی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ پاکستان کو اسٹینڈ بائی انتظامات کے مطابق مجموعی طور پر 3 بلین ڈالر دیے جائیں گے۔
جولی کوزیک نے معیشت کے استحکام کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کو بھی سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک پہلے ہی 1.9 بلین ڈالر حاصل کر چکا ہے جبکہ گزشتہ ماہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے 3 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ پیکیج کے حتمی جائزے پر پاکستان کے ساتھ عملے کی سطح پر معاہدہ کیا۔