آج ملکی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ،ایک شخص کا غرور ٹوٹا ، عطاء اللہ تارڑ

آج ملکی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ،ایک شخص کا غرور ٹوٹا ، عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آج ملکی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، ایک شخص کا تکبر ٹوٹ گیا، چیئرمین پی ٹی آئی سرٹیفائیڈ چور ثابت ہوئے۔ توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشن عدالت کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے نہ صرف چوری کی بلکہ چوری پر سینہ زوری کی، عوامی نمائندوں کو الیکشن کمیشن کے پاس گوشواروں میں اثاثے ظاہر کرنا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے اثاثے چھپائے، ان کی چوری اور مِس ڈیکلریشن ثابت ہوئی، توشہ خانے کے تحائف کو بلیک مارکیٹ میں فروخت کیا گیا، 11 مہینے سے چلتا کیس کبھی نہ کبھی اپنے انجام کو پہنچنا تھا، جج صاحب نے واضح طور پر کہا ہے چیئرمین پی ٹی آئی صادق اور امین نہیں رہے۔ ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب پائے گئے ہیں، انہیں کرپشن، فراڈ اور جھوٹ کے جرم میں سزا بھگتنا ہوگی۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ہمیشہ تکنیکی بنیادوں پر اپنا کیس آگے لے کر چلتے ہیں، دوسروں پر الزام اور دیوار سے لگانے والے کے پاس آج اپنی صفائی میں کہنے کو کچھ نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی تجوریاں بھریں، ان کی کرپشن اور نان ڈیکلریشن ثابت ہوئی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔