ویب ڈیسک :لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
رپورٹ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مغوی پنجاب پولیس کے پاس نہیں ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اظہر مشوانی کو واٹس ایپ کال آئی ہے کہ مغوی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے پاس ہیں، چونکہ مغوی وفاقی ایجنسیوں کی حراست میں ہیں، لہذا ہم درخواست واپس لیتے ہیں۔
بعد ازاں، لاہور ہائی کورٹ نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے والد قاضی حبیب الرحمٰن نے درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ سادہ لباس اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے اظہر مشوانی کے دونوں بھائیوں کو حراست میں لیا لہٰذا عدالت دونوں بھائیوں کو بازیاب کروانے کا حکم دے۔
ایڈوکیٹ ابوزر سلمان خان نیازی کی وساطت سے دائر درخواست میں عدالت نے اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سیکریٹری دفاع، وزارتِ داخلہ کو نوٹس جاری کیے تھے۔
اس سے قبل، مارچ 2023 میں پی ٹی آئی کی جانب سے اظہر مشوانی کے اغوا کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم وہ اپنی گمشدگی کے ایک ہفتے بعد بخیر و عافیت گھر واپس پہنچ گئے تھے۔