ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) رہنما رؤف حسن کے جبران الیاس کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات سامنے آگئے، جبران الیاس کا ریاست مخالف بیانیہ بے نقاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جبران الیاس بیرون ملک سے پی ٹی آئی کا ریاست مخالف بیانیہ چلارہاہے، رؤف حسن کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات نے اس سازش کا پول کھول دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا سال مکمل ہونے پر پروپیگنڈا پھیلانے کیلئے جبران الیاس نے ہدایات دیں، جبران الیاس نے دسمبر 2023 سے مئی 2024 تک رؤف حسن کو تصاویر، ویڈیوز بھیجیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جبران الیاس نے پروپیگنڈے کیلئے 9 مئی سے متعلقہ فتنہ پھیلانے والی ویڈیوز اور ہیش ٹیگز بھی ارسال کئے،رواں سال یکم مئی کو جبران الیاس نے رؤف حسن کو ٹی وی چینلز کے اسکرین شاٹس بھیجے جس میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے 9 مئی کے حوالے سے ریمارکس بھی شیئر کیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جبران الیاس نے رؤف حسن کو سوشل میڈیا پر چلائے گئے ٹرینڈز "مداخلت ہوتی ہے" اور "مئی 9 فالس فلیگ" بھی شئیر کیا، جبران الیاس کی جانب سے جسٹس منصور علی شاہ کا بیان بھی پروپیگنڈے کے لئے شیئر کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ "یہ کس قسم کی ریاست ہے کہ ہر وقت اس چیز کا ڈر لگا رہتا ہے کہ کوئی ہمیں دیکھ رہا ہے، کوئی ہمیں سن رہا ہے، کوئی ہماری ریکارڈنگ کر رہا ہے، کیمرے ہماری ویڈیو بنا رہے ہیں، کیا ریاست اس طرح چلائی جاتی ہے"؟۔
سیکیورٹی ذرائع کاکہنا ہے کہ جبران الیاس نے جھوٹےپروپیگنڈے کے لئے رؤف حسن کو واٹس ایپ پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ "ہم نے ایک گوگل ڈرائیو بنا لی ہے جس میں نو مئی سے متعلقہ فالس فلیگ آپریشنز کے تمام ڈیٹا محفوظ ہے جو استعمال کیا جا سکتا ہے کیونکہ 9 مئی 2024 قریب آرہا ہے،جبران الیاس نے شرپسندی کو مزید ہوا دیتے ہوئے رؤف حسن سے کہا کہ "ٹیم، فالس فلیگ ہیش ٹیگ اب بھی ٹرینڈ کر رہا ہے، آئیے اسے آگے بڑھاتے رہیں۔
وجاہت سعید خان کے وی لاگ کے مطابق " 9مئی کا فالس فلیگ main stream تک پہنچ گیا ہے"۔
7 مئی کو جبران الیاس نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی شرانگیزی کو سراہتے ہوئے رؤف حسن کو پیغام بھیجا کہ "پچھلے سات دنوں کے دوران سب نے بہت اچھا کام کیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ ہماری 9 مئی کی فالس فلیگ آپریشن کی مہم انتہائی موثر رہی ہے۔
جبران الیاس نے رؤف حسن کو ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "لگتا ہے جو متوقع پریس کانفرنس 9 مئی کو آنی تھی وہ اب 7 مئی کو ہوئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 14 مئی کے پیغام میں جبران الیاس نے رؤف حسن سے سوشل میڈیا پروپگینڈسٹ کے لیے تنخواہوں کا تقاضہ کیا جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر زہریلا پراپیگنڈا باقاعدہ منظم منصوبے کے تحت پھیلایا جاتا ہے۔
جبران الیاس کا کہنا تھا کہ "السلام علیکم رؤف صاحب، کیا آپ سوشل میڈیا والوں کی تنخواہیں جاری کرنے میں میری مدد کر سکتے ہیں، جب ان کی تنخواہیں روکی جاتی ہیں تو وہ بہت تذلیل محسوس کرتے ہیں۔
ذرائع اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ جبران الیاس کی رؤف حسن کے ساتھ گفتگو سے واضح ہوتا ہے کہ جبران الیاس کا بیانیہ 9 مئی کی شرپسندی کے گرد گھومتا ہے۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مذکورہ بالا تمام واٹس ایپ پیغامات سے یہ بات واضح ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر جبران الیاس کی مکمل گرفت ہے جو اس وقت غیر ملکی سرزمین پر بیٹھا ہے۔جبران الیاس کے پس پردہ بھارتی اور صہیونی لابیز ہیں اور انہی کی ہدایات اور پالیسی کے مطابق یہ شخص سوشل میڈیا کو چلا رہا ہے۔
سیاسی تجزیہ نگار کا کہنا ہے کہ بیرونی ایماء پر نو مئی سانحے کو متنازعہ بنانے کی پلاننگ میں جبران الیاس اور روف حسن کا اہم کردار ہے۔
سیاسی تجزیہ نگاروں نے ان پیغامات سے یہ بات اخذ کی ہے کہ عدلیہ میں ججز کے سیاسی کیسز میں دیے گئے ریمارکس کو بطور ریاست مخالف پروپگینڈا استعمال کیا جا رہا ہے،بیرون ملک بیٹھے ذرائع ابلاغ کے نام نہاد نمائندے بھی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیہ کو پھیلانے میں مدد دے رہے ہیں۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق جبران الیاس کا سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی تنخواہوں کا تقاضہ کرنا اس بات کا کلیدی ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے کے لیے باقاعدہ فنڈنگ کی جا رہی ہے۔