ویب ڈیسک: سری لنکا نے دوسرے ونڈے میں ہندوستان کو 32 رنز سے شکست دے دی ہے۔
سیریز کے پہلے میچ کی طرح اس بار بھی ٹیم انڈیا کو اچھی شروعات ملی لیکن مڈل آرڈر کی بلے بازی کی ناکامی کی وجہ سے ٹیم کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ سری لنکن ٹیم تقریباً 3 سال بعد ہندوستان کو ونڈے میچ میں شکست دینے میں کامیاب ہوئی ہے۔
ہندوستانی مڈل آرڈر بیٹنگ فلاپ ہوگئی شیوم دوبے اور کے ایل راہل صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ شریئس آئر بھی رنز کے لحاظ سے دوہرے ہندسے کو نہیں چھو سکے۔ میزبان سری لنکا کی جانب سے جیفری وینڈرسے سب سے موثر بولر ثابت ہوئے، جنہوں نے مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 240 رنز بنائے تھے۔ ہندوستان ہدف کے تعاقب میں میدان میں آیا تو روہت شرما اور شبمن گل نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ دونوں کے درمیان 97 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ ہوئی اور اس دوران کپتان روہت نے 29 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔ روہت نے اپنی اننگز میں 44 گیندوں میں 64 رنز بنائے، اس دوران انہوں نے 5 چوکے اور 4 چھکے بھی لگائے۔ دوسری جانب گل نے 35 رنز کا تعاون کیا۔ دونوں سلامی بلے بازوں کی 97 رنز کی شراکت کے بعد وکٹوں کا گرنا شروع ہو گیا۔
ایک وقت میں ہندوستانی ٹیم بغیر کوئی وکٹ کھوئے 97 رنز بنا چکی تھی لیکن روہت شرما کی وکٹ گرنے کے بعد بلے باز آتے ہی واپس جانے لگے۔ گِل بھی کپتان کے کچھ دیر بعد آؤٹ ہو گئے۔ دوبے چار گیندوں میں کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ وراٹ کوہلی 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ شریئس ایر اور کے ایل راہل بالترتیب 7 رنز اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔
ندوستان کا اسکور بغیر کوئی وکٹ گنوائے 97 رنز سے 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رن ہو گیا۔ ٹیم انڈیا 50 رن کے اندر 6 وکٹ گنوانے کے بعد مشکل میں پڑ گئی اور یہ تمام وکٹیں ایک ہی گیندباز جیفری وینڈرسے نے حاصل کیں۔
سری لنکا کی ہندوستان کے خلاف ونڈے میچ میں آخری جیت جولائی 2021 میں ہوئی تھی۔ اس وقت سری لنکا نے ٹیم انڈیا کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس بار ہندوستان کو 32 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سیریز کا تیسرا آخری مقابلہ 7 اگست کو کھیلا جائے گا۔