عمران خان نے سائفر آڈیو لیک سکینڈل میں طلبی ہائیکورٹ میں‌چیلنج کردی

عمران خان نے سائفر آڈیو لیک سکینڈل میں طلبی ہائیکورٹ میں‌چیلنج کردی
لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے سائفر آڈیو لیک سکینڈل میں طلبی کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے درخواست میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان ایک ایماندار، باعزت شہری اور ملک کی نامور شخصیت ہیں، عمران خان کا ملکی سیاست کو نئے دھارے میں لانے میں اہم کردار ہے، عمران خان کی بڑھتی ہوئی شہرت سیاسی طاقتوں کیخلاف ایک خطرہ بن چکی ہے، بطور وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کو افغانستان سے نکلنے میں کامیاب کردار ادا کیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے سائفر میسج کے معاملے پر انکوائری شروع کر رکھی ہے، ایف آئی اے نے سائفر کے معاملے پر بیان قلمبند کروانے کیلئے 6 دسمبر کو طلب کیا ہے، سائفر انکوائری کو پہلے ہی سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے بے بنیاد انکوائری میں طلب کیا گیا ہے، وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ بھی اسی سیاسی انتقام کا شاخسانہ ہے،طلبی نوٹس میں کسی قانون کی پاسداری نہیں کی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سائفر آڈیو لیک سکینڈل کی انکوائری کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے، درخواست کے حتمی فیصلے تک سائفر آڈیو لیک سکینڈل انکوائری کو روکا جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔