وزیراعلیٰ پنجاب کا گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کیلئے تحفہ

وزیراعلیٰ پنجاب کا گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کیلئے تحفہ

لاہور (پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی ملاقات، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ملاقات کی اور انہوں نے معصوم لوگوں پر بھارتی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی موجودگی میں پنجاب حکومت اور گلگت بلتستان حکومت کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

معاہدے کے تحت وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گلگت بلتستان حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کے کوٹے، گلگت بلتستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں پہلے سے بڑھ کر تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسوں کو پنجاب میں تربیت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

 پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان حکومت کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم ڈویلپ کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کا کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور ویب پورٹل کی تیاری میں تعاون کرے گا۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے لئے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم بھی تیار کرے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید کو زیتون کی بنی قبائلی علاقے کی روایتی چھڑی کا تحفہ دیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Watch Live Public News