اسلام آباد: چیف آرگنائزرز مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ جو کہتا تھا میں کلا ہی کافی آں، آج کلا بیٹھ کے رو رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو ہمارے شہدا کی بےحرمتی کرتا ہے۔ان کی یادگاروں کو جلاتا ہے،ہم بھی ان کا احترام نہیں کریں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ جو شہدا کی بےحرمتی کرے کیا وہ ہم میں سے ہو سکتا ہے،جو شہدا کے مجسموں کو زمین پر پھینک کر توڑ دے کیا ہم میں ہو سکتا ہے؟، ہم میں سے نہیں ہو سکتا تو پاکستانی بھی نہیں ہو سکتا۔ چیف آرگنائزرز مسلم لیگ ن نے کہا کہ اپنے ملک کو آگ لگانے کی ہمت اور جرات کوئی پاکستانی نہیں کر سکتا، جس بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے سن لے پاکستانی قوم اس کو معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ کے پہلو میں بیٹھ کر کشمیر کا سودہ بھی کر کے آیا تھا ،آپ کو عبرت کا نشان بنا کر چھوڑیں گے۔جس جماعت کو آزاد جموں کشمیر پر مسلط کیا گیا تھا،کہاں گئی وہ جماعت؟،وہ جہاں سے آئی وہیں واپس چلی گئی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس نے مسلم لیگ ن کو توڑنے کا پلان بنایا، وہ جماعت کی آج کرچی کرچی ہو گئی، نوازشریف کے کئی دشمن آئے کئی گئے۔ان کا کہنا تھا کہ جو کہتا تھا میں کلا ہی کافی آں، آج کلا بیٹھ کے رو رہا ہے،جو کہتا تھا ان کو رلاوں گا، صبح بھی روتا ہے شام بھی روتا ہے رات کو بھی روتا ہے۔