وزیراعظم اور وزراء کے بیانات سن کر دکھ ہوا، الیکشن کمیشن

وزیراعظم اور وزراء کے بیانات سن کر دکھ ہوا، الیکشن کمیشن

اسلام آباد(پبلک نیوز) الیکشن کمیشن کا وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزراء کے بیانات پر ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میڈیا کے ذریعے جو بیانات سامنے آئے ہیں ان کو سن کر دکھ ہوا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ہمیں آزادانہ طور پر کام کرنے دیا جائے اور کسی کے دباو میں نہیں آئیں گے۔ الیکشن کمیشن نے تمام فریقین کو سنا اور انکی تجاویز کا جائزہ لیا ہے الیکشن کمیشن سب کی سنتا ہے مگر وہ صرف اور صرف آئین و قانون کی روشنی میں ہی اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حیران کن بات ہے کہ ایک ہی روز ایک ہی چھت کے نیچے ایک ہی الیکٹرول میں ایک ہی عملہ کی موجودگی میں جو ہار گئے وہ نامنظور جو جیت گئے وہ منظور، کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟ جبکہ باقی تمام صوبوں کے رزلٹ قبول ہیں۔

ترجمان کے مطابق یہی جمہوریت اور آزادانہ الیکشن اور خفیہ بیلٹ کا حسن ہے جو پوری قوم نے دیکھا اور یہی آئین کی منشا ء تھی، الیکشن کمیشن کا کام قانون سازی نہیں ہے بلکہ قانون کی پاسبانی ہے۔ اگر اسی طرح آئینی اداروں کی تضحیک کی جاتی رہی تو یہ الیکشن کمیشن کی بجائے ان کی کمزوری کے مترادف ہے، ہر سیاسی جماعت اور شخص میں شکست تسلیم  کرنے کا جذبہ  ہونا چاہیے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کہیں اختلاف ہے تو شواہد کے ساتھ آ کر بات کریں، آپ کی تجاویز سن سکتے ہیں تو شکایات کیوں نہیں، ملکی اداروں پر کیچڑ نہ اچھالا جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔