ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج کا دن ہمارے اُن رہبروں کے نام جنہوں نے ہم جیسے بے شعور پتلوں کو شعور دے کر انسان بنایا، اساتذہ اخلاقی، فکری اور سماجی ترقی کے معمار ہیں۔
اساتذہ کرام کے انمول کردار کو عزت دینے اور ان کی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہ دن مقرر کیا گیا ہے۔
سماجی و قومی ترقی میں اساتذہ کے گراں قدر حصے کے اعتراف کیلئے 1994ء سے سلسلہ شروع ہوا اور وقت کے ساتھ یہ روایت مضبوط ہوئی اور وہ معاشرے جہاں ماضی قریب میں اس خصوصی دن کا تصور نہ تھا اب وہاں بھی ٹیچرز ڈے پر بچے اپنے اساتذہ کو تحائف اور تہنیتی کارڈ پیش کرتے اور پیغامات بھیجتے ہیں۔
اس روایت نے استاد اور شاگرد کے خوبصورت رشتے میں نئے احساسات اجاگر کئے ہیں، اساتذہ کی خدمات کے اعتراف کا ایک طریقہ یہ ہے جو ٹیچرز ڈے پر حق خدمت کے طور پر اختیار کیا جاتا ہے مگر صرف پھول‘ کارڈ یا تحائف ہی اس اعتراف کیلئے کافی نہیں۔
استاد جہالت کے اندھیروں میں علم کی روشنی پھیلاتے ہیں: مریم نواز
یوم اساتذہ کے موقع پر پر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اساتذہ کرام کو سلام عقیدت پیش کرتی ہوں، اساتذہ ہی معاشرے کے حقیقی معمار ہوتے ہیں، علم کا نور پھیلانا اور نئی نسل کی تربیت مقدس فریضہ ہے-
انہوں نے کہا ہے کہ استاد انسانی ذہنوں کو علم وفنون سے نئی جہت عطا کرتا ہے، محنت اور لگن سے پڑھانے والے اساتذہ حقیقی ہیرو ہیں، اساتذہ صرف تعلیم نہیں دیتے بلکہ خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا فن بھی سکھاتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ آج جو کچھ بھی ہوں اس میں اساتذہ کرام کے کردار کو فراموش نہیں کر سکتی، اساتذہ کی عظمت اور کردار کو تسلیم کرتے ہیں اور انکی فلاح و بہبود کے لیے پر عزم ہیں-
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ اساتذہ کی کی عزت و تکریم کرتے ہیں، حقیقت میں ہر دن آپ کے نام ہے۔