پاسپورٹ بنوانے والے پاکستانیوں کی سنی گئی، بڑی مشکل حل

پاسپورٹ بنوانے والے پاکستانیوں کی سنی گئی، بڑی مشکل حل
کیپشن: Pakistani passport applicants
سورس: web desk

(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پاکستانی پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا نوٹس لے لیا، پرنٹنگ مشینوں اور ای پاسپورٹ مشینوں کی خریداری کے لیے ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس وقت 800,000 سے زائد پاسپورٹوں کی پرنٹنگ زیر التوا ہے تاہم پاسپورٹ اور امیگریشن حکام اس وقت 20-25,000 پاسپورٹ پرنٹ کر رہے ہیں جبکہ روزانہ 40-45,000 درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے پرنٹنگ مشینوں اور ای پاسپورٹ مشینوں کی خریداری کے لیے ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں، جب کہ لیمینیشن پیپر کی خریداری کے لیے بین الاقوامی ٹینڈرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔

30 مارچ کو یہ اطلاع ملی تھی کہ درخواست گزاروں کو اپنے پاکستانی پاسپورٹ کے اجراء میں غیر معمولی تاخیر کا سامنا ہے۔ 5,50,000 سے زائد پاسپورٹ درخواست دہندگان کو اپنے پاسپورٹ کے اجراء میں دو سے تین ماہ کی تاخیر کا سامنا ہے۔

ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن بروقت مشین ریڈ ایبل اور ای پاسپورٹ فراہم کرنے میں ناکام رہا۔جواب میں پاسپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ تاخیر اس لیے ہوئی کیونکہ ان کے پاس سیاہی اور لیمینیشن پیپر کا ذخیرہ ختم ہو گیا تھا، تاہم دونوں اشیاء کی آمد کے بعد جون تک تمام پاسپورٹ کلیئر کر دیے جائیں گے۔