علی امین گنڈا پورکی وفاقی حکومت کو لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے 15 دن کی مہلت

علی امین گنڈا پورکی وفاقی حکومت کو لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے 15 دن کی مہلت

(ویب ڈیسک )  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کو واجبات اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے 15 دن کی مہلت دیدی۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے   صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بجلی آن اور آف کرنے کا بٹن خیبر پختونخوا کے پاس ہے، بیٹھیں اور مسائل حل کریں ورنہ غیر ذمہ دار لفظ چھوٹا ہوگا، بات نہ سنی گئی تو خیبر پختونخوا میں واپڈا کے دفاتر ٹیک اوور کر کے دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  آپ کا زور کشمیر میں دیکھ لیا، کشمیریوں کے سامنے ایک دن میں حکومت کی ہوا نکل گئی، خیبر پختونخوا کے عوام نکل آئے تو کیا حال ہوگا۔

علی امین گنڈا پور نے وفاق سے اس سال کے 50 ارب روپے بھی 2 مہینوں میں مانگ لیے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ   یہ ہمارا حق ہے، بار بار درخواست نہیں کی جاتی، حق کے لیے آواز اٹھائیں گے۔

انہوں نے خطاب میں کہا کہ ہمیں الیکشن مہم نہیں چلانے دی گئی، لوگوں کو اغوا کیا گیا، ہم حلقے کھولنے کیلئے تیار ہیں، کیا اپوزیشن تیار ہے، سیاسی جماعتوں کو ایک نہ ایک دن پی ٹی آئی سے کیے گئے سلوک پر ندامت ہوگی،حلقے ضرور کھلیں گے، چوری کیا ہوا مینڈیٹ واپس ملے گا۔

وزیر اعلی کےپی کے نے کہا کہ  ہمارے صوبے کو وار ان ٹیرر کی مد میں ایک فیصد میں ایک پیسا نہیں دیا گیا، سی سی آئی سے منظور 1510 ارب روپے ہمیں نہیں دیے جارہے۔ہمیں ریلیف نہیں دیں گے تو ٹیک اوور بھی کرسکتا ہوں، مقدمہ بھی کرسکتا ہوں، ریلیف نہ دینے والے کو اندر بھی کرسکتا ہوں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے مختلف شہروں میں 22، 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے،   بجلی کا مسئلہ 15دن میں حل نہ ہوا تو بجلی کا بٹن آن آف میں کروں گا، مجھ سے بات نہ کی تو پیسکو ہیڈ آفس ٹیک اوور کرکے دکھاؤں گا۔

Watch Live Public News