امیر لوگوں کو بنا بتائے ان کی جعلی شادیاں رجسٹر کرنیوالا گروہ پکڑا گیا

امیر لوگوں کو بنا بتائے ان کی جعلی شادیاں رجسٹر کرنیوالا گروہ پکڑا گیا
مظفرگڑھ ( پبلک نیوز) کروڑوں روپے وصول کرنے کے لیے منظم گروہ کی جانب سے امیر لوگوں کو بن بیاہے دولہا بنائے جانے کا انکشاف۔ تھانہ سول لائن پولیس نے منظم گروہ کا سرغنہ گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گروہ کی لڑکیوں اور نکاح خواں کیساتھ ملکر مالدار لوگوں کے جعلی نکاح نامے تیار کیے جاتے۔ جعلی نکاح ناموں کا یونین کونسلوں اور نادرا میں اندراج کروایا جاتا رہا۔ گروہ جعلی نکاح ناموں میں حق مہر کے خانے میں کروڑوں روپے کی جائیداد اور بھاری رقم کا اندراج کرواتا تھا۔ جعلی نکاحوں کا اندراج کرکے خرچے اور حق مہر کے حصول کے لیے عدالت میں دعوے بھی دائر کردئیے جاتے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لوگوں کو علم تک نہ ہوتا اور انکی شادیاں ہوکر رجسٹرڈ بھی ہوچکی ہوتیں۔ ایک متاثرہ شخص کی جانب سے نادرا کا ریکارڈ چیک کرنے پر اسکی نامعلوم تیسری شادی منظرعام پر آنے پر بھانڈا پھوٹا۔ سرغنہ مشرف مگسی کی گرفتاری کے بعد مزید کئی کیسز بھی منظرعام پر آگئے۔ ملزم سے برآمد ہونے والے کاغذات اور موبائلز کے فرانزک میں مزید ثبوت منظرعام پر آنے کا امکان ہے۔ پولیس نے کہا کہ تھانہ سول لائن میں گروہ کے 11 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں نکاح خواں، جعلی دلہن، جعلی سسر اور سیکریٹری یونین کونسل سمیت دیگر افراد بھی نامزد ہیں۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔