پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کی طبیعت میں بہتری آنے کے بعد انہیں جلد ہی ڈسچارج کئے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم و چیئرمین عمران خان شوکت خانم اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی صحت میں بہتری آ رہی ہے ۔ اسی حوالے سے ذرائع نے کہا ہے کہ عمران خان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے تاہم ان کو 24 سے 36 گھنٹے میں ڈسچارج کیے جانے کاامکان بھی ہے۔ ذرائع کے مطابق آج ڈاکٹر ایک بار پھر عمران خان کا طبی معائنہ کریں گے۔ اس دوران ایک مرتبہ پھر ان کے ٹیسٹ اور ایکسرے کروائے جائے گے ۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل وزیرآباد کے علاقے میں لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سمیت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خود بھی زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد عمران خان کو کنٹینر سے اتار کر گاڑی میں منتقل کردیا گیا تھا اور جلد از جلد انہیں اسپتال پہنچا دیا گیا تھا ، جہاں ان کی ٹانگ میں لگلنے والی گولی کو بذریعہ آپریشن نکالا گیا تھا۔ آپریشن کے بعد عمران خان تاحال شوکت خانم اسپتال میں ہی زیر علاج ہیں جبکہ اسپتال کے باہر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔