کابل ( ویب ڈیسک ) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے دورہ کابل کے دوران طالبان کے نمائندوں سے ملاقات میں غیر ملکی شہریوں کے محفوظ انخلاء ، بارڈر مینجمنٹ اور خطے میں سیکورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید گزشتہ روز ایک دن کے دورہ پر افغانستان پہنچے ۔ دورے کے دوران وہ پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور ان کی ٹیم کے ساتھ پاکستان کے راستے پھنسے ہوئے غیر ملکی کی واپسی اور پاک افغان معاملات اور سرحدی صورتحال پر گفتگو کریں گے۔ آئی ایس آئی کے سربراہ طالبان کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کے راستے وطن واپسی کیلئے زیر التواء درخواستوں کے معاملے پر بات چیت کرنے کے ساتھ ساتھ بارڈر مینجمنٹ کے معاملے پر بھی گفتگو کریں گے، اس دوران کسی ایسے طریقے کار کو وضع کرنے پر بھی بات چیت کی جائے گی جس کے تحت پاکستان افغان سرحد پر روزانہ آنے والے جانے والے افغانیوں کی نقل و حرکت جاری رہے اور یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ اس اجازت کا کوئی غلط استعمال بھی نہ کر سکے۔ https://twitter.com/Channel4News/status/1434181768454754305 برطانوی چینل 4 نیوز کی جانب سے ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی جس میں ایک ویڈیو میں جنرل فیض حمید کو افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان کے ساتھ کابل کے ایک ہوٹل میں دیکھا جا سکتا ہے ، اس موقع برطانوی ٹی وی کی رپورٹر نے جنرل فیض حمید سے مختصر گفتگو کی۔ برطانوی ٹی وی کی طرف سے پوچھا گیا کہ کیا وہ طالبان کے سینئر لوگوں سے ملیں گے تو جنرل فیض حمید نے کہا ،”ابھی میں اس حوالے سے واضح نہیں ہوں اور پاکستانی سفیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاید میٹنگ کا بندوبست کر دیں۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں جنرل فیض حمید نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سب ٹھیک ہو جائے گا ، آپ پریشان نہ ہوں۔