اسلام آباد (پبلک نیوز) قبضہ مافیا کے خلاف وزیر اعظم کا ایک اور بڑا اقدام، وزیر اعظم نے قبضہ مافیا کی شکایت کے لئے سیٹزن پورٹل پر سہولت فراہم کردی۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پاکستانیوں کی قبضہ سے متعلق شکایات کو ترجیح دی جائے۔ وزیر اعظم کی طرف سے صوبائی حکومتوں اور وفاقی انتظامیہ کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی۔ وزیراعظم نے چاروں چیف سیکرٹریز متعلقہ حکام سے میٹنگز کرنے کی ہدایت کر دی۔انھوں نے کہا کہ چیف سیکرٹریز قبضہ مافیا کے خلاف شکایت پر حکام کو سخت ہدایات اور تنبہیہ دیں۔ چیف سیکرٹریز انتظامیہ اور پولیس کو قبضہ مافیا کےخلاف شکایات پر فوری ایکشن لینے کی ہدایت کریں۔ نجی زمین پر قبضہ کے معاملات پر فریقین کو سن کر فیصلے کریں۔ قبضہ کے الزامات کی مکمل چھان بین کرکے فیصلے کریں۔وزیراعظم نے 14روز میِں عملدرآمد کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ 15 روز بعد قبضہ سے متعلق شکایات کا جائزہ لیں۔ عدالت میں زیر التواء شکایات پر کاروائی نہ کی جائے۔اس حوالے سے مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پرائیوٹ پراپرٹی سے متعلق کارروائی سے پہلے دونوں فریقین کو سننا لازمی ہوگا۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف شکایات پر چیف سیکرٹریز، کمشنرز، آر پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز سے رپورٹ طلب کریں۔