ہیلی کاپٹر حادثہ: صدر مملکت کی شہیدا کے اہلخانہ سے تعزیت

ہیلی کاپٹر حادثہ: صدر مملکت کی شہیدا کے اہلخانہ سے تعزیت
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے اہلخانہ سے بذریعہ ٹیلی فون تعزیت کی اور شہداء کو عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے اپنے ٹویٹس میں کہا کہ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے بیٹے کیپٹن احمد علی سے بات کی اور اہل خانہ سے بھی تعزیت کی۔ انہوں نے ایک ایماندار بہادر افسر اور ایک لیڈر کے طور پر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا جن سے ان کی ملاقاتیں رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ انہی قربانیوں کی بدولت آج پاکستان مضبوط ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے بریگیڈیئر (میجر جنرل) امجد حنیف شہید کے بھائی میجر اسد کو بھی فون کیا اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا انہوں نے کہا کہ انہیں بریگیڈیئر شہید پر فخر ہے۔ یہ سب راہ حق کے شہید ہیں اور ان ہی کی قربانیوں کی وجہ سے ہمارا ملک مضبوط ہے اور تا قیامت رہے گا۔ انہوں نے بریگیڈیئر خالد شہید کے بیٹے سعد سے بھی تعزیت کی یات چیت کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ماں، دادی اور خاندان کا شکریہ ادا کریں، ان کے بہادر والد نے عظیم قربانی دی ہے۔ ہم پاکستان کے بہادر بیٹوں پر فخر کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے میجر سعید احمد کے بھائی امیر علی سے بھی ٹیلی فون پر بات کی۔ انہوں نے شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم کو ان پر فخر ہے، اللہ ان کے گھر والوں کو ہمت اور حوصلہ دے۔ انہوں نے معاون پائلٹ میجر طلحہ منان شہید کے والد سے بھی بات کی شہید 2 چھوٹے بیٹوں کے والد تھے۔ انہوں نے شہید اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا کی اور یہ کہا کہ مسلح افواج کا ادارہ شہدا کے خاندانوں کی اچھی دیکھ بھال کرتا ہے۔ صدر نے نائیک مدثر فیاض شہید کے خاندان کو بھی فون کیا اور ان کے خاندان سے بھی تعزیت کی، انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان نے شہادت پر فخر ظاہر کیا ہے، قربانی کا یہ جذبہ پاکستان میں منفرد خصوصیت ہے اور اسی جذبے نے ہمیں محفوظ رکھا ہے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔