ویب ڈیسک: انڈونیشیا میں ایک کنوارے شخص نے شادی سے متعلق ایک ہی سوال بار بار کرنے پر اپنے پڑوسی کو جان سے مار ڈالا اور پولیس کے سامنے اعتراف جرم بھی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر شادی شدہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو اپنی مرضی سے شادی نہیں کرتے یا ان کی شادی کسی وجہ سے نہیں ہوپاتی۔
ایسے میں کچھ عزیز و اقارب یا دوست احباب اس کھوج میں لگتے رہتے ہیں اس کی شادی کیوں نہیں ہورہی، کچھ ایسا ہی ایک شخص کے ساتھ ہوا جو یہ سوال سن سن کر تنگ آچکا تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل کا یہ واقعہ انڈونیشیا کے علاقے شمالی سماٹرا میں گزشتہ دنوں پیش آیا جہاں 60 سالہ مقتول کی شناخت اسگیم ایریانتو کے نام سے ہوئی جو سرکاری ریٹائرڈ ملازم تھا۔
قتل کے اسباب اس طرح بنے کہ جب زائد العمر شخص اسگیم ایریانتو نے اپنے 45 سالہ پڑوسی سے صرف اتنا پوچھا کہ تم شادی کب کرو گے؟
یہ پوچھنا تھا کہ 45 سالہ کنوارہ پڑوسی آگ بگولہ ہوگیا اور اس نے طیش میں آکر 60 سالہ ریٹائرڈ ملازم کے گھر میں گھس کر اسے قتل کر دیا۔
مقتول کی بیوہ نے پولیس کو بیان دیا کہ حملہ آور نے اس کے گھر کا دروازہ توڑا اور اس کے شوہر پر لکڑی کے ٹکڑے سے حملہ کرنا شروع کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنے پڑوسی کو موت کے گھاٹ اتارنے کا جرم اس لیے کیا کیونکہ وہ اس بات سے پریشان تھا کہ وہ اس سے اکثر شادی نہ ہونے پر سوالات کرتا تھا اور کہتا تھا کہ میں 45 سال کی عمر میں ابھی تک غیر شادی شدہ کیوں ہوں۔