اسلام آباد ( پبلک نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمانی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور لبرل اور سرمایہ کاری دوست پالیسی سے استفادہ کریں۔ صدر عارف علوی سے عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تجارتی وفد کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط بڑھانے پر بھی اتفاق بھی کیا گیا۔ عمانی وفد نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سازگار کاروباری پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔ پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے خصوصی اقتصادی اور ٹیکنالوجی زونز قائم کیے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت عمانی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں سہولت فراہم کرے گی۔ تجارتی وفد کے دورے سے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ وفد نے تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ فریقین نے برادر ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے عوامی روابط فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔