رواں برس خواتین عازمین حج کے محرم سے متعلق نئی شرط عائد

رواں برس خواتین عازمین حج کے محرم سے متعلق نئی شرط عائد
ریاض : سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ خواتین عازمین ایسے محرم کے ساتھ حج کا فریضہ ادا نہیں کر سکیں گی، جس نے گزشتہ 5 برس کے دوران حج ادا کیا ہو۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے یہ وضاحت متعدد افراد کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے بعد سامنے آئی ہے،جن میں پوچھا گیا تھا کہ آیا حج کرنے کی خواہشمند خاتون کسی ایسے محرم کو شامل کر سکتی ہے جس نے پہلے حج ادا کیا ہو۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ خواتین عازمین ایسے محرم کے ساتھ فریضہ حج ادا نہیں کر سکیں گی، جس نے گزشتہ 5 برس کے دوران حج ادا کیا ہو۔ خیال رہے کہ سعودی حکومت نے رواں سال داخلی عازمین حج کے لیے درخواستیں دینے کی تاریخ 3 تا 11 جون مقرر کر رکھی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو برابر موقع کے دینے کی غرض سے رواں برس خوش نصیبوں کا اعلان قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ کورونا صورتحال میں بہتری کے بعد سعودی حکومت نے دو برس بعد رواں سال غیر ملکی عازمین کو بھی حج ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔