وزیر اعظم کل ”پری بجٹ بزنس کانفرنس“ سے خطاب کریں گے

وزیر اعظم کل ”پری بجٹ بزنس کانفرنس“ سے خطاب کریں گے
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کل ایک روزہ ”پری بجٹ بزنس کانفرنس“ سے خطاب کریں گے جس میں تمام متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ اتفاق رائے پر مبنی معاشی اقدامات کی راہیں تلاش کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کے میثاق معیشت کے وژن اور جامع اقتصادی پالیسی سازی کے نقطہ نظر کے مطابق کانفرنس مختلف شعبوں کے رہنمائوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کاموقع فراہم کرے گی ۔وزیر اعظم شہبازشریف ترقی اور مضبوط بنیادوں کے ساتھ خوشحال معیشت کے قیام کیلئے شرکاء کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات اور تجاویز کا جائزہ لیں گے۔ کانفرنس میں وزیر اعظم کے ایک ایسے پاکستان کے وژن پر توجہ مرکوز کی جائے گی جہاں لوگوں کے سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق تحفظ ہوں ۔ کانفرنس باہمی مشاورت کے ذریعے عوام کی معاشی مسائل کے خاتمہ اور قوم کو بہتر مستقبل کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔ دن بھر جاری رہنے والی بامعنی اور اہم بات چیت میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، مینوفیکچرنگ اور دیگر کئی کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والے صنعت کار اوربزنس لیڈرز موجودہ معاشی چیلنجز اورمشکلات کا کا جائزہ لیں گے اور مختصر، درمیانی اور طویل مدتی حل وضع کریں گے۔ کانفرنس میں ایک ایسے متحرک، فعال اورترقی کرتی معیشت کے ساتھ خوشحال پاکستان کے قیام کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پرتوجہ مرکوزکی جائیگی۔ جہاں پائیدار اور جامع ترقی، سب کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع کی فراہمی ، غربت کے خاتمہ اور تمام شہریوں کے لیے ایک معقول معیار زندگی فراہم ہوں ۔ کانفرنس میں نئے مالی سال کے وفاقی بحٹ میں مختلف شعبوں کے ماہرین اورشراکت داروں کی سفارشات کاخیرمقدم ہوگا۔ کانفرنس کے دوران بات چیت اورمکالمہ میں پاکستان کے معاشی چیلنجوں اورمسائل کے قلیل ،وسط اور طویل المدتی حل پیش کئے جائیں گے ۔ کانفرنس میں تاجروں اوربزنس لیڈروں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ بھی لیاجائیگا۔کانفرنس کے شرکاء زراعت، برآمدات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، فوڈ سکیورٹی، مینوفیکچرنگ، اور توانائی کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے قابل عمل سفارشات پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔علاوہ ازیں متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ اتفاق رائے پر مبنی معاشی اقدامات کی راہیں بھی تلاش کی جائیں گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔