ملک بھر کی مارکیٹس ، دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ

ملک بھر کی مارکیٹس ، دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل نے ملک بھر کی مارکیٹس رات 8 بجے بند کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ توانائی بچت منصوبے کے تحت یکم جولائی سے مارکیٹس رات 8 بجے سے بند ہونگی،قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی تھی، صوبے مارکیٹس رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی پر ہمارے سب سے زیادہ اخراجات آتے ہیں، ان اخراجات کو قابو کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں،اگر ہم ان کو کنٹرول کرلیں گے تو بہت سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ موسم گرما میں سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی پیداوار کا ہے، وفاقی کابینہ کے فیصلے کی صوبائی وزراء اعلی نے بھی تائید کر دی۔انہوں نے مزید کہا کہ پرانے بلب کی جگہ ایل آئی ڈی لائٹس لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے توانائی بچت پلان کو ناکام بچت پلان قرار دیدیا۔ صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری کا کہنا ہے کہ توانائی بچت منصوبے کے تحت مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کی حکومتی تجویز کو سختی سے مستردکرتے ہیں ، حکومت تاجروں اور عوام کو سہولیات دینے کے بجائے انہیں زندہ درگور کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا، رات 8بجے مارکیٹیں بند کرنے کی تجویزملک بھر کی تاجر برادری کے لئے کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ تاجر اور عوام دشمن منصوبے کو نافذ المعل کرنے کی صورت میں تاجر برادری ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، توانائی بچت کے غیر منطقی منصوبے کو ماضی قریب میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، حکومت اپنے شاہانہ طرزکو ترک کر دے تو ایسی صورت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے لائن لاسسز اور سسٹم کو اپ گریڈ کرکے توانائی کی بچت کرنے کے بجائے فضول فیصلوں سے اذیت پہنچنا حکمرانوں کا طرہ امتیاز ہے، ملک بھر کی تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اپنے تاجروں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔