کراچی ( پبلک نیوز) این اے 249 میں ہونے والے الیکشن کے نتائج پر تحفظات کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے دوبارہ گنتی کا حکم دیا گیا۔ دوبارہ گنتی کے عمل پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ دیگر تمام سیاسی جماعتوں نے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی جانب سے دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔ جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دوبارہ گنتی کا حکم جاری کیا۔ گنتی کا عمل شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد پی پی کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں ن لیگ، پی ایس پی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے لیٹر آر او کو جمع کرا دیا۔
حلقہ میں ن لیگ کے امیدوار نے الزام عائد کیا ہے کہ آر او کی جانب سے کہا گیا آپ کو فارم 46 نہیں دیا جائے گا۔ ووٹوں کا تھیلا کھلا ہوا تھا، کاؤنٹر چیک کرنے نہیں دیا گیا، کتنے بیلٹ پیپر تھے، استعمال کتنے ہوئے، کسی بھی طرح کا ریکارڈ نہیں دیا گیا۔ ہم اس کو مسترد کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی کے امیدوار کا کہنا ہے کہ پی پی اور الیکشن کمیشن والے ملے ہوئے ہیں۔ یہ ایک پری پلانڈ الیکشن تھا، دھاندلی ہوئی، اب فارم 46 نہیں دیا گیا جبکہ پہلے بھی صرف 70 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 دیئے گئے تھے۔
پی ایس پی رہنما کا کہنا ہے کہ گنتی سے قبل قبل ووٹوں کے تھیلے کھلے ہوئے تھے۔ آر او بھی مبیہ دھاندلی کا ساتھ دینے میں لگے ہیں۔ فارم 46 نہیں دیا گیا۔