گوگل نے جی میل پر ’’بلیو ٹک‘‘ کا آغاز کر دیا

گوگل نے جی میل پر ’’بلیو ٹک‘‘ کا آغاز کر دیا
دنیا کی سب سے بڑی انٹرنیٹ ٹیکنالوجی ویب سائٹ گوگل نے جی میل اکاؤنٹس سمیت گوگل کے دیگر برانڈز پر صارفین اور اداروں کو مفت بلیو ٹک دینے کا آغاز کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کمپنی نے اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ جعلی سازی کو روکنے کیلئے گوگل کے جی میل اور گوگل ورک پلیس سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر 3 مئی سے ’بلیو ٹک‘ دینے کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ مذکورہ فیچر کے تحت دنیا بھر کے جی میل صارفین سمیت گوگل کے دیگر برانڈز کے صارفین کو بھی تصدیق کے بعد مفت بلیو ٹک فراہم کردیا جائے گا ۔ بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ فیچر کی آزمائش 2021 میں کی گئی تھی اور کمپنی نے اس فیچر اور پروگرام کو ’برانڈ انڈیکیٹرز فار میسیج ویری فکیشن‘ (Brand Indicators for Message Identification) (بی آئی ایم آئی) کا نام دیا ہے۔ اس فیچر کے تحت اداروں اور کمپنیز کے جی میل اکاؤنٹس سمیت گوگل کے دیگر برانڈز جیسا کہ گوگل ورک پلیس کے صارفین کو بھی بلیو ٹک فراہم کیے جائیں گے ۔ گوگل نے اپنے بلاگ میں تصدیق کی ہے کہ تمام صارفین اور اداروں کو فری میں بلیو ٹک فراہم کیا جائے گا۔ کمپنی کی جانب سے مذکورہ بلیو ٹک صارفین یا اداروں کے یوزر نیم کے ساتھ دیا جائے گا، جیسا ٹوئٹر پر دیا جاتا تھا۔ بلیو ٹک کے اوپر جیسے ہی کوئی صارف کلک کرے گا تو پیغام نظر آئے گا کہ مذکورہ ادارہ یا شخص کوئی فراڈ یا جعلی نہیں ہے بلکہ ایک مستند کمپنی یا فرد ہے۔ گوگل کی جانب سے جی میل پر بلیو ٹک دیے جانے کے فیصلے پر دنیا بھر کے کروڑوں صارفین نے خوشی کا اظہار کیا اور اس فیچر کو جعلی ای میلز اور فراڈ سے حفاظت کا اچھا فیچر قرار دیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں بھی صارفین اور اداروں کی جی میل پر آئندہ ہفتے سے بلیو ٹک نظر آنا شروع ہوجائے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔